تعارف شاعر

poet

اسحٰق حسانؔ

سرزمین بھٹکل کے نوجوان شعراء میں سے ایک جناب اسحٰق حسان بھٹکلی 15/ مئی 1975ء کو بمقام کالی کٹ (کیرلا) پیدا ہوئے جہاں ان کے والد مع اہل وعیال بغرضِ معاش مقیم تھے۔

آپ کا مکمل نام محمد اسحٰق ابن محمد صادق رکن الدین اور تخلص حسّانؔ ہے جب کہ نثری کاوشوں کے لئے اسحٰق حسّان بھٹکلی قلمی نام استعمال کرتے ہیں ، آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم بھٹکل میں حاصل کی اور اس کے بعد انجمن آرٹس ، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل سے پی یو سی (سائنس) کی تعلیم مکمل کی ، شعر و ادب کے مطالعہ کا شوق بچپن سے ہی تھا جس  کے سبب سن 90  کی دہائی کی ابتداء میں کچھ تکبندیاں شروع کیں اور یہیں سے ان کی شاعری کا آغاز ہوا ، اپنے والد محترم کی جانب سے ہمت افزائی اور ان ہی کی صلاح پر نامور شاعرِ بھٹکل جناب ڈاکٹر محمد حسین فطرتؔ کی خدمت میں زانوئے تلمذ طئے کیا اور استادِ محترم کی رہنمائی میں مشق سخن جاری رکھتے ہوئے بھٹکل کے مقامی مشاعروں میں اپنا کلام سنانے لگے ، ساتھ ہی ساتھ ان کا کلام ملک اور ریاست کے مؤقر ادبی  جرائد و مجلات میں بھی شائع ہونے لگا ، یوں اہل ذوق اور اہل ادب کی جانب سے پذیرائی نے ان کے ادبی ذوق و شوق کی پرورش اور صالح افکار کی ترویج میں نمایاں  کردار ادا کیا  پر جب کسب معاش کی مشغولیات نے گھیر لیا تو آپ اپنے ادبی ماحول سے دور ہوگئے اور شعر و سخن  سے جیسے ناطہ ہی ٹوٹ گیا ، بہرحال اب دوست احباب کے بار بار کے تقاضوں اور ان کی حوصلہ افزائی کی بدولت دوبارہ اس جانب متوجہ ہو کر دوبارہ اپنی مشق سخن کا آغاز کیا ہے اور امید ہے کہ ان شاء اللہ ان کا ایک شعری مجموعہ "اُجلی کرن" اور بچوں کے لئے لکھی گئی اصلاحی نظموں کا مجموعہ جلد از جلد زیورِ طبع سے آراستہ ہوگا۔


اسحٰق حسانؔ کا منتخب کلام