جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

نظم| مولانا عامرؔ عثمانی انتخاب| بزم سخن

جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
کہاں گئی وہ نیند کی شراب ڈھونڈتا ہوں میں
مجھے نمک کی کان میں مٹھاس کی تلاش ہے
برہنگی کے شہر میں لباس کی تلاش ہے
وہ برف باریاں ہوئیں کہ پیاس خود ہی بجھ گئی
میں ساغروں کو کیا کروں کہ پیاس کی تلاش ہے
گھرا ہوا ہے ابر مہتاب ڈھونڈتا ہوں میں
کہاں گئی وہ نیند کی شراب ڈھونڈتا ہوں میں
جو رُک سکے تو روک دو یہ سیل رنگ و نور کا
میری نظر کو چاہیے وہی چراغ طور کا
کھٹک رہی ہے ہر کرن نظر میں خار کی طرح
چھپا دیا ہے تابشوں نے آئینہ شعور کا
نگاہِ شوق جل اٹھی حجاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
یہ دھوپ زرد زرد سی ، یہ چاندنی دھواں دھواں
یہ طلعتیں بجھی بجھی ، یہ داغ داغ کہکشاں
یہ سرخ سرخ پھول ہے کہ زخم ہے بہار کے
یہ اوس کی پھوار ہے کہ رو رہا ہے آسماں
دل و نظر کے موتیوں کی آب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
جو مرحلوں میں ساتھ تھے وہ منزلوں پہ چھُٹ گئے
جو رات میں لٹے نہ تھے وہ دوپہر میں لٹ گئے
مگن تھا میں کہ پیار کے بہت سے گیت گاؤں گا
زبان گنگ ہوگئی گلے میں گیت گھٹ گئے
کٹی ہوئی ہے اُنگلیاں رُباب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
یہ کتنے پھول ٹوٹ کے بکھر گئے یہ کیا ہوا
یہ کتنے پھول شاخچوں پہ مر گئے ، یہ کیا ہوا
بڑھی جو تیز روشنی کہ چمک اُٹھی روش روش
اگر لہو کے داغ بھی اُبھر گئے ، یہ کیا ہوا
انہیں چھپاؤں کس طرح نقاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
خوشا وہ دورِ بے خودی کہ جستجوئے یار تھی
جو درد بے سرور تھا تو بے کلی قرار تھی
کسی نے زہرِ غم دیا تو مسکرا کے پی گئے
تڑپ میں بھی سکوں نہ تھا خلش بھی سازگار تھی
حیاتِ شوق کا وہی سراب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
نہ عشق با ادب رہا ، نہ حسن میں حیا رہی
ہوس کی دھوم دھام ہے نگر نگر گلی گلی
قدم قدم کھلے ہوئے ہیں مکر و فن کے مدرسے
مگر یہ میری سادگی تو دیکھیے کہ آج بھی
وفا کی درس گاہوں کا نصاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
بہت دنوں میں راستہ حریم ناز کا ملا
مگر حریم ناز تک پہنچ گئے تو کیا ملا
میرے سفر کے ساتھیو تم ہی سے پوچھتا ہوں میں
بتاؤ کیا صنم ملے؟ بتاؤ کیا خدا ملا؟
جواب چاہئے مجھے جواب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام