اک معجزے سے کم نہیں ہجرت رسول کی

نعت| اسحٰق حسانؔ انتخاب| بزم سخن

اک معجزے سے کم نہیں ہجرت رسول کی
اعداء کے درمیاں تھی حفاظت رسول کی
شق القمر کا معجزہ دنیا پہ ہے عیاں
کس درجہ مستند ہے نبوت رسول کی
کاٹا گیا رئیسۂ مکہ کا ہاتھ بھی
تھی کتنی پُرجلال عدالت رسول کی
اس کے بغیر دعوئے ایماں فضول ہے
لازم ہے مومنوں پہ اطاعت رسول کی
اس سے بڑا حکیم نہ آیا جہان میں
ہر امر میں عجیب تھی حکمت رسول کی
تاریخ کو ہے قائدِ بدر و احد پہ ناز
واللہ بے مثال تھی جرأت رسول کی
حسّانؔ علم و فہم و فراست کی شکل میں
بٹتی ہے کائنات میں دولت رسول کی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام