ہر شخص کہہ رہا ہے تجھے دیکھنے کے بعد

غزل| حنؔا تیموری انتخاب| بزم سخن

ہر شخص کہہ رہا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
دعویٰ مرا بجا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
ہم آکے تیرے شہر سے واپس نہ جائیں گے
یہ فیصلہ کیا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
سجدہ کروں کہ نقشِ قدم چومتی رہوں
گھر کعبہ بن گیا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
سجدہ تجھے کروں گی تو کافر کہیں گے لوگ
یہ کون سوچتا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
کہتے تھے تجھ کو لوگ مسیحا مگر یہاں
اک شخص مر گیا ہے تجھے دیکھنے کے بعد
ہر وقت کھوئی کھوئی سی رہتی ہے اب حناؔ
کیا حال ہوگیا ہے تجھے دیکھنے کے بعد


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام