وہ جس کو ہم نے اپنایا بہت ہے

غزل| ساحرؔ ہوشیارپوری انتخاب| بزم سخن

وہ جس کو ہم نے اپنایا بہت ہے
اسی نے دل کو تڑپایا بہت ہے
ہمارے قتل کی سازش کے درپۓ
ہمارا نیک ہم سایہ بہت ہے
دلِ درد آشنا شوقِ شہادت
محبت میں یہ سرمایہ بہت ہے
عجب شے ہے چمن زارِ تمنا
ثمر کوئی نہیں سایہ بہت ہے
خطا اس کی نہیں دل کو ہمیں نے
تمناوؤں میں الجھایا بہت ہے
خدا محفوظ رکھے آسماں کو
زمیں کو اس نے جھلسایا بہت ہے
تری یاد آئی ہے تو آج ہم کو
دلِ گم گشتہ یاد آیا بہت ہے
بہ نامِ حضرتِ ناصح بھی اک جام
کہ اس نے وعظ فرمایا بہت ہے
نہ کیوں ٹھکرائیں ہم دنیا کو ساحرؔ
ہمیں بھی اس نے ٹھکرایا بہت ہے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام