برداشت دردِ عشق کی دشوار ہوگئی

غزل| تاجورؔ نجیب آبادی انتخاب| بزم سخن

برداشت دردِ عشق کی دشوار ہوگئی
اب زندگی بھی جان کا آزار ہوگئی
ہے وجہِ انبساط محبت میں اعتدال
جب حد سے بڑھ گئی رسن و دار ہوگئی
خوددارئ جنوں نے نہ جانے دیا وہاں
کم بخت راہِ دوست میں دیوار ہوگئی
اُف وہ نظر کہ سب کے لئے دل نواز ہے
میری طرف اٹھی تو تلوار ہوگئی
جنسِ ہنر مذاقِ خریدار دیکھ کر
خود بے نیاز چشمِ خریدار ہوگئی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام